کراچی میں غیرجانبدارانہ کارروائی کی جائے تو ایم کیو ایم حمایت کرے گی

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) لندن ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ کراچی میں دیرپا امن پورے پاکستان کی ضرورت ہے، کراچی میں قیام امن کیلئے غیرجانبدارانہ کارروائی کی جائے تو ایم کیو ایم بھرپور حمایت کرے گی۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی لندن اور کراچی کے اراکین کے مشترکہ اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ کراچی میں قیام امن، تاجروں اور شہریوں کی بے چینی دور کرنے کیلئے مکمل نیک نیتی کے ساتھ کارروائی کی جائے، یہ کارروائی 1992 کے آپریشن کی طرح نہ ہو جس میں اعلان کیا گیا تھا کہ یہ آپریشن 72 بڑی مچھلیوں کے خلاف کیا جائے گا۔

لیکن اس آپریشن کا رخ ایم کیو ایم اور ایک مخصوص طبقہ آبادی کی طرف کیا گیا۔ الطاف حسین نے کہا کہ اس مرتبہ بھی ایسا کیا گیا تو یہ آپریشن بھی مذاق بن جائے گا اور کراچی میں قیام امن کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کراچی میں جعلی آپریشن سے مجرموں کا صفایا نہیں ہو گا، وزیر داخلہ چاہے کتنی ہی مخلصانہ کوششیں کر لیں وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ سفاری پارک کے واقعہ کی غیرجانبدارانہ اور ایماندارانہ تحقیقات ہی کراچی میں امن کیلئے کئے جانے والے آپریشن کی کامیابی کی کنجی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ تحقیقات کرائیں کہ سفاری پارک میں پولیس افسران واہلکاروں کو شہید کرنے والے دہشت گرد اور مجرم کون تھے۔ اگر وفاقی وزیر داخلہ نے سفاری پارک میں پولیس افسران و اہلکاروں کے قتل میں ملوث دہشت گردوں اور انکے سرپرستوں کو بے نقاب کر دیا تو وہ ان کو ذاتی طور پر مبارکباد پیش کریں گے۔