کراچی (جیوڈیسک) کراچی کی مقامی عدالت نے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر مجرم اسحاق کو پانچ مرتبہ سزائے موت اور ڈکیتی کا جرم ثابت ہونے پر دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے عسکری تھری میں ڈکیتی اور ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سنایا۔ مجرم اسحاق پر الزام تھا کہ وہ 29 جنوری 2012 کو اپنے سابقہ مالک عارف کے گھر عسکری تھری میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوا۔
مجرم نے مالک کے بیٹے کے شناخت کر نیپر عارف، اس کی اہلیہ زینب،بیٹے زبیر ،بہو عالیہ اور اس کی بارہ سالہ بیٹی ندا کو چھری کے وار کرکے قتل کر دیا تھا۔ ایف آئی آر مقتول کے داماد کی مدعیت میں صدر تھانے میں درج کی گئی۔ عدالت نے شواہد اور گواہوں کے بیانات اور وکلا کے دلائل سننے کے بعد ملزم اسحاق کو پانچ بار سزائے موت اور دس لاکھ روپے جرمانہ جبکہ فی کس ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جبکہ ڈکیتی کے الزام میں ملزم کو دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے۔