کراچی (جیوڈیسک) قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے ڈیفنس میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضی جتوئی کے گھر پر چھاپہ مارکر ان کے بیٹے اور 2 ملازمین کو گرفتار کرلیا ہے۔
کراچی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے ڈیفنس فیز 7 میں وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوارغلام مرتضیٰ جتوئی کے گھرپرچھاپہ مارا، کارروائی کے وقت وفاقی وزیر موجود نہیں تھے تاہم ان کے بیٹے بلال مرتضیٰ جتوئی اور 2 سرکاری گارڈز کو حراست میں لے کرنا معلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
غلام مرتضیٰ جتوئی کے گھر پرچھاپے اور گرفتاریوں کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا اور مقامی پولیس نے واقعے سے مکمل لاعلمی کا اظہارکیا ہے۔
دوسری جانب جتوئی ہاؤس کے ترجمان نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ سی ویو کے قریب ہمارے سیکیورٹی گارڈ اور ایک افسر کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی، واقعے کے بعد رینجرز نے چاروں افراد کو تفتیش کیلئے مانگا تھا، کوئی بڑی بات نہیں ہے ،امید ہے شام تک تمام افراد گھر آ جائیں گے۔