کراچی (جیوڈیسک) تفتیشی افسران کو کراچی میں ایف آئی اے اہلکار محمد علی خانزادہ کے قتل کا معمہ حل نہیں ہو سکا، پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق قتل کی واردات بھاری رقم لوٹنے کی نتیجہ ہے۔
ذرائع کے مطابق کانسٹیبل محمد علی خانزادہ ایف آئی اے میں ملازمت کے علاوہ بھوسے اور پراپرٹی کا کاروبار بھی کرتا تھا، اتوار کے روز اس کو کاروباری لین دین کے سلسلے میں ادائیگی ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق لیاری ایکسپریس وے پر کھڑی جس کار سے اس کی لاش ملی اس سے مقتول کا لائسنس یافتہ پستول بھی برآمد ہوا، لیکن دو کروڑ روپے سے زائد کی رقم غائب تھی۔
مقتول محمد علی خانزادہ کا تعلق ٹنڈو الہٰہ یار کے علاقے نصرپور سے تھا۔ قتل کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جاسکا۔ محمد علی کی تدفین کے بعد اہل خانہ کی جانب سے آج شام مقدمے کا اندراج متوقع ہے۔