کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دیگر پر تشدد واقعات کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے اور پیر کو 15 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ کورنگی کے علاقے زمان ٹاون میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔ ملیر کے علاقے رفاہ عام سوسائٹی میں پارک کے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 2 افراد کو قتل کر دیا۔ سرجانی ٹاون کے سیکٹر 7میں فائرنگ کر کے زاہد نامی شخص کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول کو ذاتی دشمنی پر عامر نامی شخص نے قتل کیا جو واردات کے بعد فرار ہو گیا۔ حب ریور روڈ کے قریب رئیس گوٹھ میں گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر لال محمد بلوچ کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا۔ اورنگی ٹاون کی کالی پہاڑی کے قریب فائرنگ کر کے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے یاسین کو قتل جبکہ عدنان اور ماجد کو زخمی کر دیا گیا۔
نیو کراچی کے علاقے بلال کالونی میں فائرنگ کر کے پولیس کے معطل اے ایس آئی اعجاز کھوکھر اور کامران بندھانی کو قتل جبکہ ایک شخص کو زخمی کردیا گیا۔ لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی، پاک کالونی کے میوہ شاہ قبرستان، نیو کراچی کے ایوب گوٹھ اور بنارس پل کے قریب فائرنگ کر کے 4 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ ڈیفنس فیز 2 کی کچرا کنڈی، پرانی سبزی منڈی پر واقع عسکری پارک اور اولڈ سٹی ایریا سے 3 افراد کی تشددزہ لاشیں بھی ملی ہیں۔