کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقو ں میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ اورنگی ٹاون سیکٹر 4 میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما کے گھر کے قریب سے ملنے والے بم کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق سرجانی ٹاون کے ڈی اے فلیٹس کے قریب نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے عمیر نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول اسٹیٹ ایجنٹ تھا۔
ایک اور واقعہ میں سفاری پارک کے قریب نا معلوم افراد نے فائرنگ کرکے کاشف حسین نامی شخص کو قتل کر دیا۔ دوسری جانب اورنگی ٹا ون کے علاقے سیکٹر 4 میں اے این پی سندھ کے رہنما ڈاکٹر ضیا الدین کے گھر کے قریب ڈبے میں موجود دو سے ڈھائی کلو گرام وزنی بم کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا۔ بم ریموٹ کنٹرل ڈیوائس سے منسلک تھا۔