کراچی میں پٹاخے کی فیکٹری میں دھماکے سے 4 بچے جاں بحق، 3 افراد زخمی

Factory

Factory

کراچی (جیوڈیسک) ملیر میمن گوٹھ کے مضافاتی علاقے کے قریب پٹاخے کی فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں چھت گرنے سے 4 بچے جاں بحق جبکہ 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے کے درمیان واقع ملیر میمن گوٹھ میں قائم پٹاخے کی فیکٹری میں زور دار دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں اس کی چھت گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فوری طور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا کام شروع کرکے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا جبکہ اس دوران بم ڈسپوزل اسکواڈ عملے کو بھی طلب کرلیا گیا تھا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ فیکٹری ایک بااثر شخص کے فارم ہاؤس کے اندر چند روز قبل قائم کی گئی تھی اور علاقہ پولیس بھی اس غیر قانونی کام پر خاموش رہی جبکہ جاں بحق بچوں کی شناخت 10 سالہ نجم سولنگی، 12 سالہ اربیلا جونیجو، 10 سالہ شہاب الدین اور 15 سالہ ولی محمد کے نام سے ہوئی۔