کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ، گلشن اقبال میں کار پر فائرنگ کے نتیجے میں مسلم لیگ لائرز ونگ کے نائب صدر سید وقار شاہ جاں بحق ہو گئے۔گلستان جوہر میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے مدرسے کے تین طلباءکی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
شہر قائد میں دہشت گرد اپنی کاروائیوں میں مصروف ہیں ۔دہشت گردوں نے گلشن اقبال کے علاقے میں کار پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایڈوکیٹ وقار شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر نائن ایم ایم پستول کے سات خول تحویل میں لئے ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد چار تھی ۔ مقتول ایڈوکیٹ وقار شاہ مسلم لیگ لائرز ونگ کے نائب صدر تھے ۔ وکلاء نے وقار شاہ کے قتل کے خلاف عدالتوں میں کام بند کروا دیا ہے۔
دوسری جانب گذشتہ شب گلستان جوہر میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے مدرسے کے تین طالبعلموں کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد میتیں آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دی گئیں۔دریں اثنا سی آئی ڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پندرہ ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔