کراچی میں فائرنگ سے اہلسنت والجماعت کے 2 کارکن ہلاک، رینجرز سے مقابلے کے دوران 4 دہشتگرد مارے گئے

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ سے اہلسنت والجماعت کے 2 کارکن ہلاک جبکہ رینجرز سے مقابلے کے دوران 4 دہشتگرد مارے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سبزی منڈی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں اہلسنت والجماعت کے 2 کارکن ہلاک ہوگئے جبکہ ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پیرآباد اور سائٹ کے علاقے میٹروول میں رینجرز سے مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 4 مبینہ دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک دہشتگرد فرار ہوگیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق پیرآباد میں رینجرز سے مقابلے میں 2 دہشتگر ہلاک ہوئے جبکہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت خالد جان اور ذیشان کے نام سے ہوئی جو کالعدم تنظیم کے کارندے تھے۔ دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ سمیت 2 دستی بم اور موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی۔

مارے جانے والے دہشتگرد بنارس اور اورنگی ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھے۔ دوسری جانب قانون سائٹ کے علاقے میٹروول میں خفیہ اطلاع پر رینجرز نے کارروائی کی جس کے دوران مسلح دہشتگردوں نے اہلکاروں کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کردی تاہم جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ہلاک اور فرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے بتایا جاتا ہے۔ رینجرز کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔