کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے گودھرا کالونی میں کارروائی کے دوران ملزموں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا، دوسری طرف گزشتہ روز گلشن اقبال میں علامہ طالب جوہری کے قتل کئے جانے والے داماد کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
شہر قائد میں امن خواب ہو گیا قانون نافذ کرنے والے اداروں اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان جنگ مسلسل جاری ہے۔ پولیس نے کالعدم تنظیم کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر گودھرا کے علاقے میں کارروائی کی۔
چھاپے کے دوران ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی عبدالجبار موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ایک ملزم کو بھی زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
دوسری جانب عزیز بھٹی تھانے میں علامہ طالب جوہری کے داماد مبارک کاظمی ایڈووکیٹ کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ سرکارکی مدعیت میں درج کئے گئے مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
گزشتہ روز کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں علامہ طالب جوہری کے داماد سمیت نو افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔