کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 2 پولیس اہلکاروں، ڈائیریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی سمیت 7 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ کراچی میں سرکاری اہلکاروں اور افسران کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ گلشن اقبال میں اردو سائنس ینیورسٹی کے سامنے نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ سرکاری ڈبل کیبن گاڑی پر کی گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ سے دونوں افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت ڈائرکٹر لینڈ لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی سہیل بھٹی اور ڈپٹی ڈائرکٹر طلعت یوسف کے نام سے ہوئی۔ قبل ازیں شرف آباد میں پولیس موبائل پر دستی حملہ کیا گیا، دستی بم حملے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لسبیلہ پل کے نیچے سے ایک لاش ملی جبکہ پاپوش پھاٹک کے قریب اور مائی کولاچی میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔
سائٹ میں لیبر اسکوائر کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی شناخت 35 سالہ محمد اجمل کے نام سے ہوئی۔ آج صبح کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 3 میں مسجد و امام بارگاہ نورالاایمان کے باہر تعینات 2 پولیس اہلکاروں پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ دونوں اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، اہلکاروں کی شناخت عبدالغفور اور فاروق کے نام سے ہوئی۔گلبرگ بلاک 12 میں کلینک سے واپس گھر جانیوالے ڈاکٹر فاروق کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک قتل کردیا۔