کراچی (جیوڈیسک) میں دہشتگردی کی لہر میں ایک بار پھر تیزی آگئی۔ فائرنگ کے مختلف واقعات میں پانچ پولیس اہلکار سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر گھات لگائے مسلح افراد نے فائرنگ کرکے بدر علی جاں بحق ہو گیا۔
منگھو پیر کے علاقے آباد محلہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ریاض نامی ہیڈ کانسٹبل زندگی کی بازی ہار گیا۔ رات گئے شاہ فیصل کالونی کو کورنگی سے ملانے والے فلائی اوور پر شرافی گوٹھ تھانے کی موبائل پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔
جسکے نتیجے میں چار پولیس اہلکار کانسٹیبل افضل ،ہیڈ کانسٹیبل ذوالفقار اور ہیڈ کانسٹیبل غلام شبیر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ کانسٹیبل اسلم زخمی ہوگیا۔ جسے طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہوگیا۔
ایس پی ملیر کے مطابق چاروں اہلکاروں کو ٹارگٹ کیا گیا۔ شاہ فیصل کالونی فلائی اوور پر شہریوں سے لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافے کے بعد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ جو مشکوک افراد کو روک کر چیکنگ کیا کرتے تھے وقوعہ کے وقت اہلکاروں نے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تھا۔ جس پر گاڑی میں موجود مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔ جس کی زد میں آکر چاروں اہلکار شہید ہوگئے۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے پولیس اہلکاروں پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور متعلقہ ڈی آئی جی سے چوبیس گھنٹوں میں واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے۔