کراچی: فائرنگ کےواقعات میں 2 ڈاکٹروں سمیت 7 افرادجاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ایک بار پھر دہشت گردی کا راج شروع ہو گیا ہے،شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2 ڈاکٹروں سمیت 7افرادجاں بحق ہوگئے۔

جن میں ایک گھنٹےمیں ٹارگٹ کلنگ کی 3 وارداتیں بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد پاپوش نگر میں کلینک پر فائرنگ سے ڈاکٹرجاں بحق ہوگیا،ناظم آباد کے ہی علاقے انارکلی بازار میں بھی فائرنگ سے ایک اور ڈاکٹر جاں بحق ہوا ہے۔ ڈاکٹروں کی ہلاکت کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور دکانیں اور کاروبار بند ہوگیا۔

دوسری جانب گلبرگ کے علاقے میں ایک دکان پرنامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ تینوں مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔اس سے قبل فائرنگ اور پُر تشدد واقعات میں مذہبی جماعت کے کارکن سمیت 4 افراد کو قتل کردیا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے قلندریہ چوک سے ملنے والا ڈھائی سے 3کلو وزنی بم ناکارہ بنادیا ، 50 افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلرز بھی دھرلیے گئے۔ایک جانب ملک بھر میں سیکیورٹی کے اقدامات کئے جارہے ہیں تو دوسری طرف کراچی میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کی آنکھ مچولی جاری ہے۔

ایسٹ زون پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے پولیس اہلکارسمیت 3 مبینہ ٹارگٹ کلرزکو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ کے مطابق ملزمان میں ہیڈکانسٹیبل سید وقاص، خالد محمود اور طلحہ شامل ہیں۔ ملزمان نے فرقہ وارانہ وارداتوں سمیت 50 افراد کے قتل کا اعتراف بھی کیا ہے۔دوسری جانب بلدیہ ٹاؤن کی 24مارکیٹ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے اہل سنت والجماعت کا عہدیدار حکیم صدیق جاں بحق ہوگیا۔

حکیم صدیق اہلسنت والجماعت کے ضلعی صدر تھے۔ اہلسنت والجماعت کے رہنما اورنگزیب فاروقی نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔بلدیہ ٹاؤن ہی کے علاقےموچکو سے 3افراد کی لاشیں بھی ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق تینوں افراد کو جمعہ گوٹھ میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔ادھر سخی حسن چورنگی ، قلندریہ چوک کے قریب مشکوک بیگ سے بم برآمد ہوا، بم کو مسجد کے قریب نصب کیا گیا تھا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کاروں نے اس موقع پر علاقے کا محاصرہ کرکے اطراف کی سڑکوں کو سیل کردیا تھا، بعدازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم کو ناکارہ بنادیا۔ڈھائی سے 3کلو وزنی بم کو سیمنٹ کے بلاک میں نصب کیا گیا تھا۔ علاقے سے مشکوک شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جو موبائل سے علاقے کی ویڈیو بنارہا تھا۔