کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ کے واقعات کے دوران پولیس اہلکار اور متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق صدربوہری جماعت خانے کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 16 سالہ اسدہلاک ہوگیا، اسد کھانے کے ہوٹل پر آیا تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل سوار 2 افراداس کے قریب آئے، بات چیت کی اور فائرنگ کرکے فرار ہو گئے، مقتول علاقے کا ہی رہائشی تھا۔
لیاری کے علاقے بغدادی میں یوسف ہارون روڈ پرفائرنگ سے 30 سالہ سعید رضاہلاک ہوگیا، مقتول کاتعلق لیاری گینگ وار کے کامریڈ گروپ سے ہے اوراسے اس کے ساتھیوں نے کسی تنازع پرفائرنگ کرکے ہلاک کیا اور فرار ہوگئے ۔
مقتول جمن شاہ پلاٹ کا رہائشی تھا۔ ملیرمحبت نگر میں گھرکے اندر داخل ہوکرنامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 18 سالہ عنبردختر عبداللطیف کو ہلاک کردیا، مقتولہ کو 3 گولیاں ماری گئیں ،مقتولہ کی کچھ عرصے بعدشادی تھی، واقعے کے وقت مقتولہ گھر میں اکیلی تھی، پولیس نے واقعے کو رشتے کا تنازع قرار دیا ہے۔ ٹیپوسلطان کے علاقے میں 2 سیکیورٹی گارڈ کے درمیان جھگڑا ہوگیا، اسی دوران سیکیورٹی گارڈ بابرخان تنولی نے فائرنگ کردی جس سے ساتھی سیکیورٹی گارڈظہیرعباس ہلاک ہو گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔
کورنگی سوکوارٹرزمیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 22 سالہ عرفان، نیو کراچی سندھی ہوٹل کے قریب فائرنگ سے 30 سالہ غلام شبیر، کلفٹن کے علاقے میں آفاق ہاؤس کے قریب فائرنگ سے 50 سالہ ریاض زخمی ہو گیا۔
رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ناظم آباد کے علاقے 6 نمبر ایس ایم پبلک اسکول کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے دکان پرفائرنگ کر کے باہربیٹھے ہوئے 2 افراد کو شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیاجہاں 28 سالہ شاہ رخ جاں بحق ہو گیا جبکہ 25 سالہ فیضان کو بعدازاں عباسی شہید سے نارتھ ناظم آباد میں واقع نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔
ایس ایچ او اعجاز لودھی کے مطابق دونوں متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 183 کے کارکنان ہیں، واقعے کے بعدعلاقے میں کشیدگی پھیل گئی تاہم پولیس نے صورتحال کوکنٹرول کر لیا۔ پاک کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اسپیشل برانچ کا سپاہی 30 سالہ ملک نسیم جاں بحق ہو گیا، مقتول اسپیشل برانچ کا سپاہی اور گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں قائم پولیس کے تربیت یافتہ کتوں کے یونٹ K-9 میں تعینات تھا جسے نامعلوم ملزمان نے گھر کے قریب ہی فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
آرام باغ کے علاقے جامعہ کلاتھ سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر ہلاک ہو گیا۔ متوفی حلیے سے نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے اور شبہ ہے کہ وہ نشے کی زائد مقدار پینے سے ہلاک ہوا۔