کراچی: فائرنگ کے واقعات، 3 افراد جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے سلطان آباد میں نیو حاجی کیمپ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت پچاس سالہ رفیع اللہ کے نام سے کر لی گئی۔ دوسری جانب پاک کالونی کے علاقے میں دھوبی گھاٹ کے قریب واقع گھر سے 35 سالہ امینہ نامی خاتون کی لاش ملی۔

پولیس کے مطابق خاتون کو مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر گولی ماری اور فرار ہو گئے۔ ادھر نارتھ کراچی نور محمد گوٹھ میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق ہوئی جس کی شناخت اللہ وسائی کے نام سے کی گئی۔ دوسری جانب کراچی پولیس نے مختلف کارروائیوں میں کالعدم تنظیم کے کارندوں اور ٹارگٹ کلرز سمیت 60 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ ایسٹ زون پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپوں اور ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران 52 ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کیں۔

ویسٹ زون میں چھاپے کے دوران 5 مبینہ ٹارگٹ کلرز پکڑے گئے۔ گرفتار ملزموں نے 4 پولیس اہلکاروں اور افسروں سمیت 40 سے زائد افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ ادھر سی آئی ڈی پولیس نے لیاری میں کارروائی کے دوران گینگ وار کے دو مبینہ ملزموں عبدالرحمان عرف سائیں اور کامران کو گرفتار کر لیا۔ غنی چورنگی کے قریب سے کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد الطاف بلوچ اور زبیر بلوچ پکڑے گئے۔