کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں لیاری اور پٹیل پاڑہ میں دستی بموں سے حملے میں 3افراد زخمی ہو گئے۔ پیر آباد میں 5 کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں تخریب کاری کا سلسلہ جاری ہے۔ لیاری میں گینگ وار ملزمان ایک بار پھر برسر پیکار رہے۔ مسلح افراد کی جانب سے ایک دوسرے پر دستی بموں اور خود کار ہتھیاروں سے حملے کئے جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔ دستی بم دھماکوں کے بعد دبئی چوک، مرزا آدم خان روڈ اور رانگیواڑہ میں صورتحال کشیدہ ہو گئی اور دکانیں اور بازار بند کروا دیئے گئے۔ پٹیل پاڑہ میں سابق یو سی ناظم عبدالرحمن کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں مکان کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری طرف پیر آباد کے علاقے قصبہ کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔
عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل سوار فائرنگ کرنے کے بعد ایک مشکوک بیگ پھینک کر فرار ہوئے جس میں بم موجود تھا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا اور بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق بم 5 کلو وزنی تھا جس میں بال بیئرنگ اور ریموٹ ڈیوائیس استعمال کی گئی تھی۔ اسی دوران حسن اسکوائر کے نزدیک فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاںبحق ہو گیا۔