کراچی میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات، 4 افراد جان سے گئے

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں دہشت گردی نہ رک سکی، فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو سگے بھائیوں اور ایک لیڈی ہیلتھ ورکرز سمیت چار افرادکو قتل کر دیا گیا۔ کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر چار میں رکشے پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دونوں جانبر نہ ہو سکے۔ مقتولین کی شناخت ذوالفقار اور شاکر کے نام سے ہوئی ہے اور دونوں سگے بھائی تھے۔

لیاری کے علاقے دبئی چوک کے قریب مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر محمد اسلم نامی شخص کو قتل کر دیا، مقتول کا تعلق سیاسی جماعت سے تھا۔ محکمہ موسمیات کے دفتر کے قریب فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہو گئیں، جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں، مقتولہ نسیم منیر لیڈی ہیلتھ ورکر تھیں۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد خسرہ مہم کا بائیکاٹ نہیں کیا جائے گا۔