کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں بنارس چوک پختون مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے مقامی عہدیدار جاں بحق ہو گئے، لیاری کے مختلف حصوں میں دو گروپوں کے درمیان مورچہ بند فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، موسی کالونی میں بھی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔
کراچی میں بنارس چوک پختون مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی ایک گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے پیپلز پارٹی ضلع غربی کے صدر مجیب الرحمٰن شدید زخمی ہو گئے، انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
مقتول کی لاش ضروری کارروائی کے لئے جناح ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب کراچی میں لیاری کے علاقے جونا مارکیٹ اوربہار کالونی میں صبح کے وقت دو گروپوں کے درمیان مورچہ بند فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جو بدستور جاری ہے۔
فائرنگ کے باعث علاقے میں شدید خوف و حراس پایا جاتا ہے جبکہ مکین بھی گھروں میں ٕمحصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ پولیس اطراف کے علاقے میں تو موجود ہے تاہم اندرونی علاقے میں ان کی غیر موجودگی کے باعث کشیدگی تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔
دوسری جانب لیاری کے ہی علاقے موسی لین میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخٕی ہو گیا جسے طبی امداد کے لئے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔