کراچی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک

Dead Bodies

Dead Bodies

کراچی (جیوڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق اور بچے سمیت8 افراد زخمی ہو گئے۔

پیر کی صبح مومن آباد تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر10آفریدی کالونی طور مسجد کے قریب گھات لگائے موٹر سائیکل سوار2 نامعلوم مسلح ملزمان نے موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار25 راشد اقبال ولد تاج ملوک پر فائرنگ کردی اور فرار ہو گیے، فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار راشد موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

مقتول مکان نمبر640 فرید کالونی سیکٹر10اورنگی ٹاؤن کا رہائشی اور8 ماہ کے بیٹے کا باپ تھا، ناظم آباد نمبر3کے گول مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے ٹائر پنکچر شاپ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت35 سالہ رمضان ولد گلزار جبکہ زخمی کی شناخت25 سالہ شہزاد ولد عبدالرحیم کے نام سے کر لی گئی، نیوکراچی تھانے کے علاقے نیو کراچی نمبر5 سیکٹر 11-Dمیں واقع مکان نمبر 116/12 کے دروازے پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے38 سالہ شہزاد ولد شہاب الدین کو قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔

ایس ایچ او کمال نسیم نے بتایا کہ مقتول پیشے کے لحاظ سے قصاب تھا، بلال کالونی تھانے کے علاقے نیو کراچی سندھی ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل سوار2 نامعلوم مسلح ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کردی جس سے ریڑھی لگانے والا35 سالہ شاہد ولد امام دین اور2 راہ گیر19سالہ محمد مراد ولد ولی،27 سالہ طاہر علی ولد محمد حسین زخمی ہوگئے، مومن آباد کے علاقے سیکٹرE 11-ملنگ بازارکے قریب فائرنگ سے25 سالہ فرید زخمی ہو گیا ،آرام باغ کے علاقے بزنس روڈ اردو بازار کے قریب فائرنگ سے30 سالہ نوید ولد محمد انور زخمی ہوگیا۔

نیپیئر تھانے کے علاقے لی مارکیٹ میں واقع نعمت ہوٹل کے قریب فائرنگ سے8 سالہ بچہ جمن ولد رتن لال زخمی ہو گیا ، شیر شاہ تھانے کے علاقے سر مد بازار کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے52 سالہ حاجی داؤد زخمی ہو گیا، کلری میں فائرنگ سے 25سالہ حاجی دلاور ولد اﷲ وسایا زخمی ہوگیا۔

دریں اثنا رینجرز نے خفیہ اطلاع ملنے پر محمود آباد اور چینسر گوٹھ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار اشوک گروپ کے5 کارندوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا جہاں ان سے چینسر گوٹھ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں کی جانے والی وارداتوں سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہے، رینجرز نے ایک اور کارروائی کے دوران سرجانی ٹاؤن اور رنچھوڑ لائن میں چھاپے مار کر ٹارگٹ کلر سمیت3 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔