کراچی (جیوڈیسک) کورنگی صنعتی ایریا مہران ٹاؤن میں پولیس نے کارروائی کر کے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ایس آر پی بیس ون میں تعینات پولیس اہلکار غلام شبیر کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہو گئے۔
ادھر پولیس نے خود کش حملے کی جھوٹی اطلاع دینے والے ملزم کو اعظم بستی سے گرفتار کر لیا۔ ادھر گارڈن شو مارکیٹ میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیس نے کارروائی کرکے عید گاہ سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر کے دو افغان باشندوں سمیت 5 ملزموں کو پکڑ لیا۔
گلشن میں مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دکاندار اصغر میو زخمی ہو گیا۔ اس دوران ایک ڈاکو دکانداروں اور شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا جبکہ دوسرا موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا۔
شہریوں نے ڈاکو کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔