کراچی (جیوڈیسک) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر پیش آیا جس کے دوران ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔
زخمی اہلکار کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کی جبکہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول جمع کیے جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جمعہ کو کراچی میں دارالعلوم کورنگی کے قریب اسنیپ چیکنگ پر مامور پولیس موبائل پر فائرنگ سے عوامی کالونی تھانے کے 3 اہلکار اور ایک راہگیر بچہ ہوگئے تھے ۔
کورنگی میں پولیس پر حملے کی ذمہ انصار الشریعہ نامی ایک گروپ نے قبول کی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق انصار الشریعہ اسامہ بن لادن اور ایمن الزواہری سے متاثر ہے، یہ گروہ داعش کے فلسفے سے متاثر نہیں ہوسکا بلکہ القاعدہ کی طرز پر وجود میں آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گروہ نے ابتدا میں داعش کی چھتری تلے کارروائیاں کیں لیکن پھر اختلافات ہوگئے۔