کراچی (جیوڈیسک) میں لیاری سمیت مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔ لیاقت آباد نمبر 10 میں فائرنگ سے دستگیر جاں بحق ہو گیا۔ شیر شاہ میں نا معلوم افراد نے عظمی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ناظم آباد نمبر دو میں اقبال دہشتگردی کا نشانہ بنا جبکہ لیاری کے علاقے آگرہ تاج اور بہار کالونی میں تین افراد کو قتل کر دیا گیا۔
میرا ناکہ کے قریب سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ سہراب گوٹھ میں فائرنگ کر کے ایک شخص کو ابدی نیند سلا دیا گیا جبکہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں بھی ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ اولڈ سٹی ایریا سے ایک شخص کی لاش بھی برآمد ہوئی۔ ماڑی پور میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں اقبال نامی شخص دم توڑ گیا۔