کراچی: فائرنگ اور پرتشدد واقعات، 4 افراد جاں بحق

Firing

Firing

کراچی (جیوڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں فائر فائٹر سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔ پیر کی صبح صدر تھانے کے علاقے میں واقع نعمان سینٹر کے قریب 20 نمبر روٹ کی مسافر بس میں نامعلوم ملزم نے ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

اور فرار ہوگیا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہلاک ہونے والے شخص کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا جبکہ پولیس نے بس کے ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔

ایس ایچ او صدر پیر شبیر نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ڈینک سائیو ولد جان ڈیسوزا کے نام سے کر لی گئی مقتول گارڈن روڈ پر واقع مکی مسجد کے قریب کا رہائشی تھا اور کلفٹن کے علاقے میں واقع کسی اسکول کی کینٹین میں ملازم کرتا تھا۔

پولیس کو مسافر بس کے ڈرائیور اور کنڈیکٹر نے بتایا کہ مقتول ڈینک کے ہمراہ ایک اور شخص بس میں سوار ہوا تھا اور دونوں ایک دوسرے کے قریب بیٹھے تھے جیسے ہی بس نے چلنا شروع کیا۔

اور ڈینک کے ہمراہ بیٹھے ہوئے نامعلوم شخص نے کنپٹی پر گولی مار کر قتل کردیا اور فرار ہو گیا، پولیس نے بتایا کہ ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی رنجش یا دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

نیو کراچی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے صادق آباد قبرستان سے پلاٹ نمبر 184/3 سے 22 سالہ نوجوان رفیع ولد غلام کی تشدد زدہ لاش ملی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے سول اسپتال منتقل کردیا۔

ایس ایچ او محمد علی نے بتایا کہ مقتول سیکٹر5-G کا رہائشی تھا اور سلائی کڑھائی کام کام کرتا تھا انھوں نے بتایا کہ مقتول اتوار کی شام 5 بجے گھر سے کسی کام سے نکلا تھا اور پیر کو اس کی قبرستان کے قریب سے لاش مل گئی، نیو کراچی سیکٹر 11 میں واقع مکان سے ایک شخص کی لاش ملی جو پر اسرار طور پر ہلاک ہو گیا۔

ایس ایچ او محمد علی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 35 سالہ خلیل احمد ولد محمد احمد کے نام سے کر لی گئی ہے، اتوار اور پیر کی درمیانی شب عید گاہ تھانے کی حدود رنچھوڑ لائن میں چشتیہ چوک پر نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار 22 سالہ فراز خان ولد اشرف زخمی ہو گیا تھا۔

جسے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں گزشتہ روز مضروب فراز دوران علاج دم توڑ گیا، ایس ایچ او خان محمد نے بتایا کہ قتل کیے جانے والا نوجوان فائر فائٹر تھا اور فائر بریگیڈ کے کوارٹرز میں رہائش پذیر تھا، پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔