کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں انتظامیہ کے دعوں کے باوجود قتل و غارت گری کا سلسلہ تھمنے میں نہیں آ رہا۔ فائرنگ اور تشدد کے تازہ واقعات میں مزید پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ کراچی میں امن خواب بن گیا۔ بڑھتی ہوئی قتل و غارت گری کے خوف سے شہری نفسیاتی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ پولیس کے مطابق لیاری بکرا پیڑی میں ندی سے بوری بند لاش ملی ہے۔
بلدیہ سے بھی ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ جسے چھریوں کے پے درپے وار کرکے قتل کیا گیا۔۔گلستان جوہر سے ایک شخص کی ہاتھ پاوں بندھی لاش ملی، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو اغوا کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر گولیاں مار دی گئیں۔ لائنز ایریا میں دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔نیو کراچی مدینہ کالونی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص مقیم نامی شخص اسپتال میں دم توڑ گیا۔