کراچی (جیوڈیسک) ملیر جعفر طیار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
انچارج شعبہ حادثات جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق افراد کی شناخت عاصم حسین اور امیر حیدر کے نام سے کرلی گئی ہے جبکہ زخمی شخص کو حسن کے نام سے شناخت کیا گیا۔
پولیس اور رینجرز کو فائرنگ کے مقام سے نائن ایم ایم کے چھ خول ملے ہیں۔ ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ عاصم حسین متحدہ کا کارکن جبکہ امیرحیدر ہمدرد تھا۔ اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں فائرنگ سے عمر خان جاں بحق ہو گیا۔
ناگن چورنگی کے قریب فلیٹ سے سب انسپکٹر سلیم تنولی کی لاش ملی۔ ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ کا کہنا ہے کہ سلیم تنولی کے جسم پر چھریوں کے زخم ہیں۔
سلیم تنولی ٹریفک پولیس ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں تعینات تھے۔ مقتول سلیم تنولی کی لاش انکی بیوی کے فلیٹ سے ملی ہے۔