کراچی : فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران 4 افراد ہلاک

Dead Bodies

Dead Bodies

کراچی (جیوڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

نیوٹاؤن مقبول آباد میں یونائیٹڈکنگ بیکری کے عقب میں ورلڈکال آفس کے باہر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے28سالہ سید محمد حسین شاہ ہلاک ہوگیا۔

مقتول نیورضویہ سوسائٹی کارہائشی اورغیرشادی شدہ تھا جبکہ وہ ورلڈ کال آفس میں کلیکشن افسرتھا۔مجلس وحدت المسلمین کے ترجمان نے سیدمحمدحسین شاہ کے قتل کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اورمطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔پاک کالونی میوہ شاہ قبرستان میں30سالہ شخص کی لاش ملی۔پولیس کے مطابق مغوی کو ملزمان نے اغوا کر کے نامعلوم مقام پرلے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور سر پر ایک گولی مار کرہلاک کرلاش پھینک دی،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔

مشرف کالونی ہاکس بے روڈسے42سالہ ہدایت الرحمن کی لاش ملی، مقتول میٹروول سائٹ کارہائشی اور پرائیوٹ کلینک میں ڈسپنسر تھا۔ پولیس نے بتایاہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ہدایت الرحمن تحریک طالبان کے دہشتگردوں سے رابطے میں تھا۔سکھن ندی میں نامعلوم ملزمان نے پولیس اہلکار40سالہ وحید مراد اور اس کی10سالہ بیٹی فضا کوفائرنگ کر کے زخمی کردیا اورفرار ہوگئے،زخمی باپ بیٹی کواسپتال پہنچایا گیا، پولیس کے مطابق ملزمان نے زخمی وحید مراد کو آواز دے کرروکا اور فائرنگ کردی۔

فیڈرل بی ایریا بلاک20 میں ایدھی سرد خانے کے قریب موٹر سائیکل مکینک کی دکان پرفائرنگ سے جعفریہ الائنس کے رہنما 50سالہ مولاناجعفر حسین نقوی زخمی ہوگئے۔ترجمان وحدت المسلمین نے بتایاکہ جعفر حسین راشد منہاس روڈ کا رہائشی اور2بچوں کے والدہیں،وہ جعفریہ الائنس کی طرف سے جیل کے معاملات دیکھ رہے تھے اس سے قبل جیل کے معاملات دیکھنے والے علامہ آفتاب حیدر جعفری اور علی اکبر کمیلی کو بھی دہشتگردوں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

نارتھ کراچی سیکٹر 11/Aشیل پیٹرول پمپ پرفائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ 30سالہ داؤد خان،کورنگی آئی ایریا کھڈی اسٹاپ کے قریب 35سالہ امتیاز،نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب 35 سالہ محمد سعید، گلشن معمار میں جھگڑے کے دوران 32 سالہ فوجی جوان محمد اکرم زخمی ہوگیا۔

رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بہادر آباد شہید ملت روڈ پر واقع بنگلے میں فائرنگ کے پراسرار واقعے میں 20 سالہ بلال ہلاک ہوگیا، مقتول بنگلے کا چوکیدار تھا اور وہ بنگلے کے داخلی گیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈ اصغر کی مبینہ فائرنگ سے ہلاک ہواہے جسے پولیس نے حراست میں لے کر اسلحہ قبضے میں لے لیا ہے جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا بنگلے میں رہائش پذیر افراد موجود نہیں تھے جبکہ دیگر 3 ملازمین سے بھی بیانات لیے جا رہے ہیں تاہم فوری طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ واقعہ اتفاقیہ گولی چلنے سے کے باعث پیش آیا یا دونوں میں کوئی تنازع تھا۔