کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 4 سیاسی کارکنوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ کے بعد کشیدگی ہو گئی اور دکانیں اور کاروبار بند ہو گیا۔ پولیس کے مطابق شاہ فیصل کالونی پانچ میں دو گروپوں میں تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور نامعلوم افراد نے دکانیں اور کاروبار بند کرا دیا۔
جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت محمد عرفان، جواد اور یاسر کے نام سے ہوئی ہے۔ سنی تحریک کے ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کا تعلق ان کی پارٹی سے ہے۔
سرجانی ٹاون میں فائرنگ کرک ایک شخص حنیف انصاری کو قتل کردیا گیا۔ جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق مقتول ان کا کارکن تھا۔ میمن گوٹھ میں کنویں سے ایک شخص کی لاش ملی جبکہ گڈاپ ٹاون سے دو نامعلوم افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔