کراچی (جیوڈیسک)کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں رات سے اب تک خاتون سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ لیاری کے علاقے اگرہ تاج کالونی میں جونا مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک خاتون ہلاک ہو گئی، فوری طور پر خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی ۔جبکہ صدر میں واقع پارکنگ پلازہ کے قریب نامعلوم افراد نے ایک نوجواں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا۔
مقتول کی شناخت اسد اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ جبکہ سرجانی ٹاون سے ایک شخص کی لاش ملی، ادھر اولڈ سٹی ایریا کے علاقے میں کھجور بازار کے قریب سے ایک شخص کی گولیاں لگی ہوئی لاش ملی،مقتول کی عمر 23 سال سے 27 سال کے درمیان ہے،جس کو سر میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔ اس سے قبل کورنگی نمبر ساڑھے پانچ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا
جس کی شناخت 27 سالہ ریحان کے نام سے ہوئی۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ جبکہ قائد آباد میں مرغی خانہ اسٹاپ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا، رات گئے رنچھوڑ لائن میں بھی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔