کراچی (جیوڈیسک) مہنگائی کرے وار اور وہ بھی بار بار۔ اب غریب آدمی کی پہنچ میں آنے والی روٹی بھی مہنگی ہو گئی ہے۔
ملک بھر میں گندم کے وافر ذخائر ہونے کے باوجود کراچی میں آٹے کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ریٹیلرز کے مطابق آٹے کا 10 کلو والا تھیلا 15 روپے اضافے سے 425 روپے کا ہو گیا ہے۔ ہول سیلرز کے مطابق آٹے کی قیمت میں اضافہ اس کی طلب کے مقابلے میں رسد میں کمی کے باعث ہوا۔
واضح رہے کہ اس وقت ملک میں 95 لاکھ ٹن گندم موجود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے گندم کی درآمدات پر ریگولیٹری ڈیوٹی کو 40 فیصد سے بڑھا کر 60 فیصد کر دیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ شہری انتظامیہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لے اور قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات اٹھائے۔