کراچی (اسپورٹس رپورٹر) گذری اسٹار فٹ بال کلب کے زیر اہتمام اکبری فٹ بال اسٹیڈیم گذری پر جاری تیسراآل کراچی عبدالحنیف مشوری عرف با بو ماما یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل مقابلے میں کالا پل کی معروف ٹیم چنیسر بلو نے مد مقابل کلفٹن شاہین کو 4-2سے شکست دیکر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
کھیل کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک گول کی برابری حاصل تھی کھیل کے دوسرے ہاف میں چنیسر بلو نے اپنے کھیل میں بہتری پیدا کرتے ہوئے کلفٹن شاہین پر حملے جاری رکھے جس کے نتیجے میں چنیسر بلو کی جانب سے فرید نے 3گول کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
جبکہ لقمان نے ایک گول اسکور کئے جبکہ کلفٹن شاہین کی جانب سے غلام سرور نے دونوں گول اسکور کئے ۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ایسٹ کے نومنتخب نائب صدر عبدالقیوم لاسی سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔
اس موقع پر ٹورنامنٹ سیکریٹری محمد اسحاق مشوری،جنرل سیکریٹری صابر اسپورٹس جاوید بلوچ ،سلمان مشوری ودیگر موجود تھےٹورنامنٹ میں آج چنیسر بلو اور بلوچ محمڈن کے مابین کوارٹر فائنل کھیلا جائیگا ۔کھیلے گئے میچ میں شوکت حسین ،مختیار احمد اور اعجاز نے ریفری کے فرائض انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر سہیل اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔