کراچی (اسپورٹس رپورٹر) بلوچ یونین فٹ بال کلب ملیر کے زیر اہتمام جاری آل کراچی علی اکبر یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دو سیمی فائنل مقابلوں کے فیصلے ہوگئے ۔ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل سندھ مسلم گذری نے مضبوط حریف شرافی محمڈن کو 2-0سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرلی کھیل کے ابتداء ہی میں سندھ مسلم کی جانب سے ذین نے صرف 29سیکنڈ میں تیز ترین گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-0سے آگے بڑھا دیا۔
جبکہ دوسرے ہاف میں عادل نے خوبصورت گول اسکور کرکے مقابلہ 2-0کردیا جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہا ۔ٹورنامنٹ کا دوسرا کوارٹر فائنل معرکہ ملیر کی معروف ٹیم سالار ویلفیئر سینٹر نے مد مقابل لانڈھی کی معروف ٹیم سرحد اسپورٹس کو ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد 1-0سے زیر کرکے فائنل میں اپنی جگہ مستحکم کرلی کھیل کے 35ویں منٹ میں آصف کے خوبصورت کراس پر حلیم نے نہایت شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچا دیا۔
میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ضلع ملیر یوسی 12کے نومنتخب چیئر مین صدیق شاہ سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزر محمد رفیق بلوچ ،چیئر مین ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ملیر فتح محمد بلوچ ،ڈی ایف اے ویسٹ کے سنیئر نائب صدر مراد بخش بلوچ ،شاہنواز لاشاری اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی صدیق شاہ نے شاندار فٹ بال ایونٹ کے انعقاد پر ٹورنامنٹ آرگنائزر رفیق بلوچ کو خراج تحسین پیش کیا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل (کل) مورخہ 14فروری2016ء بروز اتوار سندھ مسلم گذری اور سالاویلفیئر سینٹر ملیر کے مابین کھیلا جائیگا ۔فائنل کے مہمان خصوصی ضلع ملیر ڈی ایم سی کے نامزد وائس چیئر مین جان محمد بلوچ ہونگے ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دونوں سیمی فائنل مقابلوں میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری عمر بلوچ ،عزیز پاشا ،نصیر عمر بلوچ ،اور محمد خان نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر حمید اللہ بلوچ اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔