کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کورنگی بلوچ فٹ بال کلب کے زیر اہتما م کورنگی بلوچ فٹ بال اسٹیڈیم پر معروف میڈیسن کمپنی گیٹز فارما کے تعاون سے جاری “آل کراچی کورنگی بلوچ چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ “اختتام پذیر ہوگیا فائنل معرکہ میں ڈسٹرکٹ ملیر چمپئن آل برادرز نے میزبان کلب کورنگی بلوچ کو ایک شاندار اور کانٹے دار مقابلے کے بعد 2-1سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
دوران کھیل دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جس پر اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین فٹ بال نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بھر پور داد دی فاتح ٹیم کے مقبول اور ثناء اللہ نے گول اسکور کئے جبکہ میزبان ٹیم کورنگی بلوچ واحد گول سعید احمد نے کیا ۔فائنل میچ کے اختتام پر آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے تقسیم انعامات کی پرو وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی گیٹز فارما کے ہیڈ آف ایڈمنسٹریشن عامر نصیر نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی اور فاتح ٹیم کو 1لاکھ 10ہزار روپے اور رنر اپ ٹیم کے کپتان کو 70ہزار رپے اور تیسری پوزیشن پر آنے والی ٹیم کو 40ہزار روپے کیش پرائز سے نوازا اس موقع پر گیٹز فارما کے دیگر اراکین سعید الرحمن ،ذیشان اللہ ،جاوید فاطمی ،اسد اللہ اوکیلی ،عمر چیمہ ،عمران مسعود ،فرخ معین ،امتیاز رزاق ،ذیشان احمد ،خرم عتیق اور عمران کے علاوہ ٹورنامنٹ کمیٹی کے استاد حیدر ،گل محمد کامریڈ ،ماسٹر ریاست علی ،چیئر مین ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ملیر فتح محمد بلوچ ،صدر ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن سنٹرل سید عثمان شاہ کے علاوہ دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گیٹ فارما کے عامر نصیر نے کہاکہ ہمارا ادارہ کھیل کے ہر شعبے خصوصاً فٹ بال کے کھیل کی ترقی اور اس کے فروغ میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتا رہے گا ۔گیٹز فارما اسپورٹس اکیڈمی کے قیام کے ذریعے ہونہار کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے مہمان خصوصی اور معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈ اور اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔
فائنل مقابلے میں ریفریز کے فرائض شاہنواز بلوچ ،شوکت حسین اور نذیر احمد اور فورتھ ریفری کے فرائض جمیل ناز نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر ماسٹر شریف اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔