کراچی (اسٹاف رپورٹر) ینگ حسینی فٹ بال کلب اور الیون اسٹار فٹ بال کلب کے زیر اہتمام منعقدہ آل کراچی با بو شاہ و دائود شیدی فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ پھول پتی اسٹار نے مضبوط حریف بلوچ یوتھ گارڈن کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
کھیل کے دوران پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے بر ابر رہا تاہم دوسرے ہاف میں پھول پتی اسٹار نے اپنے کھیل میں بہتری پیدا کی اور یکے بعد دیگر کئی حملے کئے جس کے نتیجے میں ان کے کھلاڑیوں فرید احمد اور یاسر نے لگا تار دو خوبصورت گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی اہم کردار ادا کیا جبکہ بلوچ یوتھ گارڈن کا واحد گول اسلام الدین نے اسکو رکیا۔
کھیل کے اختتام پر تقسیم انعامات کے حوالے سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی ڈی آئی جی سائوتھ ڈاکٹر طارق جمیل نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی پیش کی اور کھلاڑیوںمیں انفرادی انعامات بھی تقسیم کئے اس موقع پر ایس پی سٹی فدا حسین ،نیشنل بنک کے اسپورٹس کسنلٹنٹ حاجی غلام محمد خان ،ایس ایچ او کلری ،ایس ایچ او بغدادی ،ٹورنامنٹ سیکریٹری علی محمد سومرواور دیگر کھیل سے وابستہ شخصیات موجود تھیں۔
اس موقع پر ایس پی سٹی فدا حسین نے گول اسکور کرنے والے کھلاڑیوں میں کیش پرائز تقسیم کئے ٹورنامنٹ کمیٹی کی جانب سے مہمانوں کو اعزازی شیلڈ اور سندھ کی روائت اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا فائنل مقابلے کو نیشنل فٹ بال ریفریز بشیر بلوچ ،عبدالباقی اور یوسف منصوری نے سپروائز کیا جبکہ میچ کمشنر محمد اسلم اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔