کراچی (جیوڈیسک) پاک سرزمین پارٹی نے پیپلز پارٹی کے گڑھ لیاری آٹھ چوک میں دفتر کھول کر علاقے میں انٹری دیدی ہے۔
پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب میں مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ لیاری کے عوام سے ساتھ دینے کی امید لگائی تو تبدیلی کی امید دلا بھی دی۔ اب ہمیں لیاری کے عوام سے امید ہے کہ ہمارا ساتھ دیں گے اور ہماری عوامی عدالت میں اپنا حصہ شامل کریں گے۔
مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ شہر کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے، مسائل کے حل کے لیے مزید انتظار نہیں کر سکتے۔ آج اور ابھی سے جن کے پاس جعلی مینڈیٹ ہے، انہی سے عوامی حمایت کے ساتھ اپنے کام کروانے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام نے مینڈیٹ دیا تو حکمرانوں کے دروازے کھٹکھٹا کر ان سے عوام کا حق حاصل کروں گا۔
سربراہ پی ایس پی نے کہا کہ گینگ وار والے پیدائشی مجرم نہیں تھے، لاقانونیت کے باعث وہ جرائم میں ملوث ہوئے۔ ہمیں ان ماؤں کی فکر کرنی ہے جن کے بچے گینگ وارمیں مارے گئے۔ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں لوگ ایسے جرائم میں مبتلا ہی نہ ہوں۔