کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں آتشزدگی نے ایک اور خاندان اجاڑ دیا ، لیاری کی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے کے باعث تین کمسن بہن بھائی دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے ۔ ماں باپ کو بیہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ واقعہ لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں پیش آیا جہاں ایک رہائشی عمارت کے قریب کچرے میں اچانک آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 6منزلہ عمارت کی پہلی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے فلیٹ میں دھواں بھر گیا۔
علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت فلیٹ میں پھنسے خاندان کو باہر نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق فائربریگیڈ کے تاخیر سے پہنچنے کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ۔ آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ پہنچی اور 30 منٹ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا ۔
آتشزدگی میں بے ہوش ہونے والے تین بچے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے ، بچوں کی اموات دم گھٹنے سے ہوئیں ۔
جاں بحق ہونیوالوں میں 3سالہ آمنہ ، 3سالہ علیان اور 4سالہ عبدالعزیز شامل ہے۔بچوں کے بدقسمت والد عمیر اور والدہ شمیم سول اسپتال میں زیر علاج ہیں اور زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔