کراچی: گارڈن میں باپ نے 2 بچوں کو قتل کر دیا، ملزم گرفتار

Karachi Murder

Karachi Murder

کراچی (جیوڈیسک) کراچی گارڈن میں باپ نے اپنے 2 بچوں کو بیروزگاری سے تنگ آکر قتل کر دیا، پولیس نے باپ کو گرفتار کر لیا ہے۔ کراچی کے علاقے گارڈن میں مناف نے اپنے دو بچوں کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم مناف کا بیوی سے جھگڑا ہوا جس کے بعد اس نے اپنے بچے 3 سالہ عائلہ اور 10 سالہ حماد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

دونوں بچوں کو قتل کرنے کے بعد ملزم چھت پر چڑھ گیا اور خودکشی کرنے کی کوشش کرنے لگا۔ علاقہ مکینوں کے شور مچانے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچی اور مناف کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔ سفاک باپ کا کہنا ہے کہ بیروزگاری اورغربت کے باعث بچوں کو قتل کیا۔