کراچی: گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی، ایک مزدور جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے ناظم آباد میں فلیٹس کی بیسمنٹ میں قائم گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگنے سے ایک مزدور جاں بحق ہو گیا، فائر بریگیڈ کی نو گاڑیوں نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔

کراچی کے علاقے ناظم آباد انو بھائی پارک کے قریب موجود فلیٹس کے تہہ خانے میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی۔

تہہ خانے میں رکھے کپڑوں کے بڑے بڑے پیکٹ جلنے کے باعث دھواں پھیلا تو افرا تفری پھیل گئی اور کئی افراد پھنس کر رہ گئے۔

دھوئیں کی وجہ سے پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، آگ لگنے سے ایک مزدور جھلس کر جاں بحق ہو گیا ۔ موقع پر موجود فائر فائٹر کا کہنا تھا علاقے میں پانی کی قلت کا سامنا رہا۔

فائر بریگیڈ کی نو گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا اور ایک گھنٹے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔