کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی میں 13 سال کی بچی سے زیادتی اور قتل کے واقعے کا عدالتی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعے کی تحقیقات عدالتی کمیشن کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن کے قیام کا اعلان 24 گھنٹوں میں کر دیا جائے گا۔ عزیز آباد بگھیو گوٹھ کی رہائشی 13 سالہ بچی کی لاش گزشتہ روز سی ویو سے ملی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اسے زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا اور پھر سمندرمیں پھینک دیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کو نجی اسکول کے باہر سے برقعہ پوش عورت نے 24 ستمبر کو اغوا کیا تھا۔ بچی کے ماموں کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے فون کرکے اہل خانہ سے دس لاکھ روپے تاوان مانگا تھا۔