کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے گلبرک اور کلفٹن میں پولیس نے کارروائی کرکے سٹریٹ کرائم اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کلفٹن کے علاقے گذری میں پولیس نے کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا، گرفتار ملزم اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں میں ملوث تھا۔
گلبرک پولیس نے مقابلے کے بعد اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے چھینے گئے موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن میں ٹارگٹ کلرز اور لیاری کے گینگسٹرز سمیت انہتر ملزمان کو حراست میں لے لیا، جبکہ رینجرز، سی آئی ڈی اور پولیس سے مقابلے کے دوران 6 مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔