کراچی میں امن کیلئے حکومت کی پوری ایمانداری اور خلوص سے مدد کریں گے، آرمی چیف

General Raheel Sharif

General Raheel Sharif

کراچی (جیوڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کراچی میں امن کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی پوری ایمانداری اورخلوص سے مدد کریں گے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت کراچی میں امن و امان سے متعلق اجلاس کے دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ سیاسی قیادت پولیس کی سیاست سے پاک تقرریاں اور تبادلے کرسکتی ہے، وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ سیاسی قیادت صحیح طور پرپولیس کو مسلح اور مضبوط کرسکتی ہے، جماعتوں اورجمہوری قوتوں کےدرمیان کوئی رکاوٹ نہیں، اگر ہر ایک چاہتا ہے تو پھر ہم سب کو مل کر اس مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہئے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ وہ یہ بات واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اس سلسلے میں پاک فوج کا خلوص 100 فیصد ہے۔ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی پوری ایمانداری اورخلوص سے مدد کریں گے۔ وزیراعظم کی تجاویز پر آگے بڑھیں گے اور ہم سے جب بھی مدد مانگی گئی ہم ایمانداری سےتجاویز دیں گےاورتعاون بھی کریں گے اور اس سلسلے میں واضح ہدایات دے دی گئی ہیں کہ ہم آگےبڑھیں گے۔