کراچی: حکومت اور مجلس وحدت مسلمین کے درمیان مذاکرات کامیاب

MWM

MWM

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے دیا جانے والا دھرنا حکو مت سے کا میاب مذاکرات کے بعد ختم کردیا گیا، شرکاء پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔ گزشتہ روز مجلس وحدت مسلمین کی ریلی کے شرکاء خواتین اوربچوں سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے نمائش چورنگی پر جمع ہوئے جہاں سے وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب ریلی کا آغاز کیا گیا۔

اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے والی تمام سڑکوں کو کنٹینرز لگاکر بند کردیا گیا تھا۔ ایم اے جناح روڈ اور صدر سے ہوتے ہوئے مظاہرین نے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی لیکن انہیں شاہین کمپلیکس پرروک لیا گیا۔

جس پرمظاہرین نے وہیں دھرنا دے دیا۔ رات گئے مجلس وحدت مسلمین اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے دودور ہو ئے،حکومت کی جانب سے مذاکرات میں صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن،معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ وقارمہدی، کمشنر کراچی شعیب صدیقی اور کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبونے شرکت کی جبکہ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے علامہ مختار امامی، سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔

حکومتی ارکان کی جانب سے مطالبات کی منظوری کی یقین دہا نی کے بعد مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے دھرنا ختم کر نے کا اعلان کیا گیا جس کے بعد دھرنے کا شرکاء پر امن طور پر منتشر ہو گئے اور سڑک پر ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی۔