کراچی: گرین بسوں کی مرمت اور بحالی کی مد میں کرپشن کا انکشاف

Green Buses

Green Buses

کراچی (جیوڈیسک) شہر قائد میں پبلک ٹرانسپورٹ کی شدید کمی کے پیش نظر حکومت سندھ کی ہدایت پر گلشن حدید سے ٹاور تک گرین بسیں چلانے کا ٹھیکہ نجی کمپنی کو دیتے ہوئے دو سال سے کھڑی خراب بسوں کو قابل استعمال بنانے کیلئے محکمہ کے ایم سی کو چار کروڑ روپے جاری کئے۔

گرین بس کے ٹھیکیدار کے مطابق محکمہ کے ایم سی نے گاڑیوں کی مکمل بحالی کے بجائے محض ایک کروڑ روپے کے اخراجات سے نئی بیٹریز اور ٹائر لگا کر گاڑیاں خراب حالت میں ہی ٹھیکہ دار کے حوالے کر دیں۔ گرین بس آپریٹر کے مطابق بسیں خراب ہونے کے باعث انہیں کے ایم سی کے سرجانی ٹرمنل سے قائد آباد تک کھینچ کر لانا پڑا۔

نجی آپریٹر بسوں کی مرمت پر صرف تین ماہ کے دوران لاکھوں روپے کے خرچ کر چکے ہیں جبکہ نجی کمپنی کو معاہدے کے باوجود 36 میں سے صرف 32 بسیں فراہم کی گئیں۔ چار گرین بسیں الیکٹرانک کارڈ غائب ہو جانے کے باعث نجی آپریٹر کو تاحال نہیں دی گئیں۔ دنیا ٹی وی کی جانب سے معاملے پر متعلقہ افسران سے رابطے کی کوششں کی گئیں لیکن وہ معاملے پر اپنا موقف دینے سے گریزاں ہیں۔