کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے چینسر گوٹھ میں دو تنظیموں کے ارکان میں کسی بات پر تصادم ہو گیا۔ اس کے بعد آپس میں لاٹھیاں اور ڈنڈے چل گئے۔ ایک دوسرے پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔ دونوں تنظیموں کے ارکان نے ایک دوسرے کے گھروں اور بند دکانوں پر حملے کئے اور شٹر توڑ دیئے۔ علاقے میں کشیدگی زیادہ بڑھی تو پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس اہلکاروں نے نے ہوائی فائرنگ کر کے مشتعل افراد کو منتشر کیا۔ پولیس نے تصادم ختم ہونے کے بعد کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتاریوں پر بعض افراد پولیس اہلکاروں سے الجھ پڑے اور ان میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ مشتعل افراد کے منتشر ہونے کے بعد پولیس نے تصادم میں ملوث افراد کے لئے گھروں اور مختلف دفاتر کی تلاشی بھی لی۔
اس موقع پر خواتین بھی بڑی تعداد بھی گھروں سے نکل آئیں اور نعرہ بازی کی۔ خواتین نے اپنے گھروں سے رشتہ داروں کی گرفتاریوں پر احتجاج کیا اور پولیس اہلکاروں سے بحث و تکرار کرتی رہیں۔ علاقے میں کشیدگی کے باعث پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے۔