کراچی :گلستان جوہر میں پولیس مقابلہ 3 ڈاکو ہلاک،اہلکار جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے والے 3 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔ مقابلے کے دوران ایس ایچ او سمیت 2 پولیس اہلکار زخمی بھی ہو گئے۔ ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ کے مطابق گلستان جوہر بلاک دو میں گھر میں ڈکیتی کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے قریبی واقع مسجد میں گھُس گئے۔ پولیس کے تعاقب کرنے پر ملزمان نے مسجد میں موجود لوگوں کو ڈھال بناتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے وہاں موجود 2 افراد زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی پیر محمد شاہ نے بتایا کہ مقابلے کے دوران پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل پیرل شاہ جاں بحق جبکہ ایک ملزم مارا گیا، مقابلے میں ایس ایچ او گلستان جوہر اعجاز راجپراور اے ایس آئی امداد علی زخمی ہوگئے جبکہ 3 ملزمان زخمی حالت میں فرار ہوگئے، پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے ملزموں کی تلاش شروع کی۔

ایس پی گلشن عابد قائم خانی کے مطابق ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کامران چورنگی کے قریب چھاپہ مار کارروائی کی گئی، جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ملزم اب بھی مفرور ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔