کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقوں گلشن اقبال اور گلشن حدید میں مدرسہ اور مسجد کے باہر 2 دھماکے ہوئے جن میں 3بچوں سمیت 4افراد زخمی ہو گئے۔ گلشن اقبال بلاک 6 میں نیپا چورنگی کے قریب مدرسہ جامعہ ستاریہ کے قریب دھماکا خیز مواد پھٹنے سے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکا نصب بم سے کیا گیا جس میں ایک کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ملوث دہشت گرد نے پہلے مدرسے میں گھسنے کی کوشش کی چوکیدار نے اندر داخل نہیں ہونے دیا تو دہشت گرد بم مدرسے کی دیوار کے ساتھ رکھ کر فرار ہوگیا۔ دوسری جانب گلشن حدید فیز ٹو میں بھی مسجد کے باہر پہلے سے نصب بم پھٹ گیا جس سے 2 بچے زخمی ہو گئے۔