کراچی : شاہ فیصل ٹائون فٹ بال اسٹیڈیم میں رحیم محمڈن اور اُسامہ اسپورٹس کے زیر اہتمام منعقدہ آل سندھ انور خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کے پہلے کوارٹر فائنل مقابلے میں کراچی ککرز نے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل شاہ فیصل ٹائون کی معروف ٹیم گلشن اسپورٹس کو 1-0سے شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
کھیل کے دوران میچ کے پہلے ہاف کے 17ویں منٹ میں کراچی ککرز کے عبداللہ نے گول کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تاہم گلشن اسپورٹس کے کھلاڑیوں نے ان تجربہ کار کھلاڑیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور متعدد حملے جاری رکھے لیکن ان کے فارورڈ کے غلط نشانہ بازی کے باعث گیند گول پوسٹ میں داخل نہ ہوسکی۔
گول کرنے کے کئی یقینی مواقع ضائع کردیئے گلشن اسپورٹس کے گول کیپر نورا لوھاب نے نہایت شاندار گول کیپنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی یقینی گول بچا کر شائقین فٹ بال سے داد وصول کی گلشن اسپورٹس کے جنرل سیکریٹری علی اصغر نے اپنی ٹیم کو شاندار کھیل پر کھلاڑیوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ہار جیت کھیل کا ایک حصہ ہے مجھے یہ دُکھ نہیں کہ ٹیم ہار گئی۔
لیکن اس بات کی خوشی ہے کہ کھلاڑیوں نے تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل کراچی ککرز کا ڈت کر مقابلہ کیا جو قابل تحسین ہے انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ گلشن اسپورٹس آئندہ بھی اپنے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرے گی ۔ٹورنامنٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میچ کو جاوید بنگش نے اپنے معاونین اسد خان اور طاہر قادری کے ہمراہ سپروائز کیا جبکہ میچ کمشنر کے فرائض شبیر احمد نے انجام دیئے۔