کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کہتے ہیں کہ حکمرانوں کو جب وزیراعلیٰ لگانے کا موقع ملتا ہے انہیں اپنا خون یاد آتا ہے۔ وہ کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں لیبارٹری کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔
متحدہ قومی مووٴمنٹ نے کراچی انسٹیٹویٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں جدید لیبارٹری کا افتتاح کر کے اپنے قائد الطاف حسین کو سالگرہ کا تحفہ دیا۔ افتتاح کے موقع پر ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی اور وزیرصحت ڈاکٹر صغیر احمد موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک میں خدمت کے نام پر سیاست ہورہی ہے جبکہ متحدہ سیاست میں خدمت کی قائل ہے۔خالد مقبول صدیقی نے اس موقع پر موجودہ حکمراں طبقے کو بھی نشتر دے مارا۔
کہتے ہیں جاگیردار ہاری کی اور سرمایہ دار مزدور کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ حکمرانوں کے ایوان میں موروثیت راج کرتی ہے۔نئی قائم کردہ لیبارٹری میں جدید سہولیات معقول اور رعایتی نرخوں پر طبی ٹیسٹ کیے جائیں گے۔