کراچی میں تیز بارش، کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق

Karachi Rain

Karachi Rain

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں تیز بارش کے بعد کرنٹ لگنے اور دیگر مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ نیپا چورنگی کے قریب واقع سی این جی اسٹیشن کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے ہیں، چھت کے نیچے بھی ممکنہ طور پر کچھ افراد کے دب جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا۔

پاپوش نگر میں کرنٹ لگنے سے بچہ جاں بحق ہو گیا، ایک بچہ کورنگی مین کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا، ڈیفنس میں کے ای ایس سی آفس کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک راہگیرجاں بحق ہوا۔کراچی کے مختلف علاقوں میں اب بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے و قفے سے جاری ہے۔

کے ای ایس سی نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے خاص طور پر بجلی کے پول اور تاروں سے دور رہنے کے اپیل کی ہے۔ ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق تیز بارش کے باعث 102 فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں، بارش رکنے کے بعد متاثرہ فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا۔ بارش سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

جن علاقوں میں بجلی بند ہے ان میں نارتھ کراچی، ناظم آباد، لانڈھی، گلستان جوہر ،لیاری، صدر، کلفٹن، کورنگی، بلدیہ، ملیر سمیت کئی علاقے شامل ہیں۔ کراچی کے علاقے کلفٹن میں انڈرپاس میں پانی بھر گیا ہے جس کے بعد انڈر بائی پاس کو بند کر دیا گیا ہے۔ بارش سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی ہے جبکہ ریلوے اور پی آئی اے کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔