کراچی (جیوڈیسک) گلستان جوہر کے بلاک ون میں جھگیوں پر مٹی کا تودہ گرنے سے 3 خواتین اور سات بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہو گئے۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک ون میں پیر اور منگل کی درمیانی رات ایک خالی پلاٹ میں قائم جھگیوں پر مٹی کا تودا گر گیا۔ لوگ اپنے پیاروں کی تلاش کےلیے ایک دوسرےکو مدد کےلیے پکارتے رہے اور2 گھنٹے تک اپنی مدد آپ کے تحت کارروائیوں پرمجبور رہے۔ ملبہ ہٹانے کے لیے مشینری پہنچی تو امدادی کارروائیوں میں تیزی آئی اور رینجرز اہلکاروں نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
لاشیں نکالنے کے بعد ریسکیوکا کام مکمل کرلیا گیا ہے، امدادی کارکنوں نے 13 افراد کی لاشیں نکال کراسپتال منتقل کردیں ہیں، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں 3 خواتین اور سات بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ میتوں کو آج ہی ان کے آبائی علاقے بھجوا دیا جائے گا۔
دوسری جانب پولیس نے کہا ہے کہ ابتدائی تفتیش کی روشنی میں مٹی کا تودا گرنے کا واقعہ قدرتی آفت ہے تاہم اس میں دہشت گردی کا عنصر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں جس کی روشنی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے تودہ گرنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی ہر ممکن مدد اور زخمیو ں کو ہر ممکن طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔