کراچی (جیوڈیسک) گلستان جوہر کے بلاک ون میں جھگیوں پر مٹی کا تودہ گرنے سے تین خواتین اور سات بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد افراد ابھی بھی ملبے تلے دبے ہیں۔ رینجرزاہلکار اور کے ایم سی کا عملہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔
کمشنر کراچی شعیب صدیقی امدادی کارروائیوں کا معائنہ کرنے کیلئے جائے حادثہ پر موجود رہے۔ گورنر سندھ اور وزیر بلدیات نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کمشنر کراچی کو فون کر کے امدادی کاموں کے حوالے سے معلومات لیں۔
گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ تمام وسائل کو بروئے کار لا کر امدادی کاموں کو تیز کیا جائے۔ وزیربلدیات ناصرشاہ کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر دیگر مشینری بھی فوری طور پر طلب کی جائے۔